رسائی کے لنکس

سیٹ اپ تبدیل ہوا تو اگلی باری ہماری ہوگی: منظور وسان


صوبائی وزیر جیل خانہ جات، منظور وسان ایک مرتبہ پھر سیاسی خواب نظر آنے لگے ہیں۔ اس بار انہوں نے خوابوں کی تعبیر بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف 14 اگست بیرون ملک منائیں گے اور اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔۔۔

سندھ کے صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور وسان، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سیاسی خواب دیکھنے اور عوام کو اس کی تعبیر بتانے کے لئے خاصے مشہور رہے ہیں۔ بعض سیاسی حلقوں میں تو اسی’صفت‘ کی بناء پر انہیں ’خوابوں والی سرکار‘ کہا جاتا ہے۔

ماضی میں وہ کئی بار سندھ حکومت میں متحدہ قومی موومنٹ کی شمولیت اور علیحدگی سے متعلق بھی خواب دیکھتے اور ان کی تعبیر بتاتے رہے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان میں سے کچھ خواب شرمندہٴتعبیر ہوئے اور کچھ درمیان میں ہی ٹوٹ گئے۔

صوبائی وزیر نے پیر کے روز کراچی میں واقع اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ۔۔حسب سابق کئی نئی پیش گوئیاں کر ڈالیں۔ اپنی ایک پیش گوئی میں انہوں نے کہا ’سابق عسکری صدر پرویز مشرف کو حکومت کی حمایت حاصل ہوجائے گی اور اس مہینے کے وسط تک وہ بیرون ملک چلے جائیں گے۔‘

بقول منظور وسان, ’مشرف اس بار یوم آزادی بیرون ملک منائیں گے۔‘

ایک اور پیشگوئی کرتے ہوئے صوبائی وزیر منظور وسان کہتے ہیں کہ ’اگست کا مہینہ انتہائی اہم ہے۔۔سیٹ اپ تبدیل ہوتا ہے تو اگلی باری پیپلز پارٹی کی ہوگی۔‘

منظور وسان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’دارالحکومت میں فوج کی طلبی دانشمندانہ اقدام نہیں۔۔ حکومت نے ہوش مندی سے کام نہ لیا تو حالات خراب ہوجائیں گے۔‘

منظور وسان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے مطالبات جائز تھے، حکومت کو یہ مطا لبات تسلیم کر لینا چاہئیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’اگست کا مہینہ انتہائی اہم ہے، مڈ ٹرم الیکشن کی بات ہورہی ہے۔ اگر سیٹ اپ تبدیل ہوتا ہے تو اگلی باری پھر پیپلز پارٹی کی ہوگی۔‘

بقول اُن کے، ’نواز حکومت ہٹ دھرمی نہ دکھائے، ملک میں بادشاہت نہیں جمہوریت ہونی چاہئے۔‘

XS
SM
MD
LG