رسائی کے لنکس

محرم: دیور، بھابی کے رشتوں کے گرد گھومتی نئی سیریل


اس رشتے کے عنوان پر ماضی میں کئی فلمیں بن چکی ہیں، جبکہ موجودہ سہ ماہی میں اسی رشتہ کے تقدس کے گرد گھومتی ایک نئی خوب صورت کہانی ’محرم‘ کے نام سے سیریل کی شکل میں ’ہم‘ ٹی وی پر شروع ہونے والی ہے

کراچی ۔۔۔ پاکستانی معاشرے میں دیور اور بھابی کا رشتہ ’محرم‘ کی حدود میں آتا ہے۔ اس رشتے کے عنوان پر ماضی میں کئی فلمیں بن چکی ہیں جبکہ موجودہ سہ ماہی میں اسی رشتہ کے تقدس کے گرد گھومتی ایک نئی خوب صورت کہانی ’محرم‘ کے نام سے سیریل کی شکل میں ’ہم‘ ٹی وی پر شروع ہونے والی ہے۔

ہم ٹی وی کی جانب سے وائس آف امریکہ کو فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق کہانی کا مرکزی کردار حمزہ ہے جو اپنے بھائی کی شادی اسی کی مرضی سے اقراء سے کرا دیتا ہے۔ لیکن، شادی کے کچھ ہی عرصے بعد، حمزہ کا بھائی اس دنیا سے انتقال کر جاتا ہے۔

حمزہ، اقراٴ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس لئے کبھی گھر سے چلے جانے کی بات نہیں کرتا۔ لیکن، اقراٴ کے والدین کو ان کا ایک ساتھ رہنا کچھ مناسب نہیں لگتا۔

مجبورا ًحمزہ اور اقراٴ خود اپنی مرضی کے خلاف نکاح کرلیتے ہیں۔ مگر، شادی کے باوجود، حمزہ خود کو اقراٴ کے قریب نہیں کر پاتا۔ کیوں کہ حمزہ اقراٴ سے پہلے ایک اور لڑکی مایا سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

اقراٴ اس حقیقت کو جاننے کے بعد حمزہ پر مایا سے شادی کا دباوٴ ڈالنے لگتی ہے، جبکہ مایا کو یہ خبر ہی نہیں کہ حمزہ اور اقراٴ شادی کرچکے ہیں۔

ایک دوست، ایک بیوی اور ایک شوہر کے درمیان پنپتے ہوئے رشتوں کی کشمکش کو ’محرم‘ میں بہت دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

ظفر معراج کی تحریر پر ہدایات دی ہیں سراج الحق نے پیشکش مو ُمنہ دُرید کی ہے، جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں معمر رانا، عائشہ خان، زید احمد، شازیہ ناز، ارم، شہریار زیدی، آغا علی اور ساجدہ سید۔

XS
SM
MD
LG