رسائی کے لنکس

مرخیل، ہولاں ملاقات میں نگرانی کے معاملات زیر غور آئیں گے


ہولاں کے دفتر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں حکومتیں اس معاملے پر بات چیت کرتی رہی ہیں، اور یہ کہ فرانس جرمنی کی پیش کردہ اِن تجاویز سے اتفاق کرتا ہے

جرمن چانسلر آنگلہ مرخیل نے ہفتے کے روز بتایا کہ وہ فرانس کے صدر فرانسواں ہولاں سے یورپی کمیونیکیشن نیٹ ورک کی تشکیل کے بارے میں بات چیت کریں گی، تاکہ امریکی ذرائع پر تکیہ کیے بغیر اِی میل اور دوسرے ڈیٹا کی ترسیل کا متبادل سوچا جائے۔ مرخیل بدھ کے روز سے فرانس کا دورہ کرنے والی ہیں۔

برلن سے رائٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے گذشتہ سال امریکی قومی سلامتی کے ادارے کی طرف سے جرمنی اور دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر نگرانی کے کام کے بارے میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے بعد، جرمن چانسلر ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے بارے میں کوششیں تیز کردی ہیں۔

خبروں کے مطابق، مبینہ طور پر، خود مرخیل کے موبائیل فون کی بھی نگرانی کی جارہی تھی۔


ایک ہفتہ وار خطاب میں مرخیل نے کہا ہے کہ وہ گوگل اور فیس بک جیسی کمپنیوں کے انداز کو پسند نہیں کرتیں، کیونکہ بقول اُن کے، وہ اُن ممالک میں بھی خدمات انجام دیتی ہیں جہاں ڈیٹا کے تحفظ کی سطح کا کوئی خاطر خواہ بندوبست نہیں، جب کہ وہ ایسے ممالک میں تیزی دکھانے پر تلی ہوئی ہیں جیسے جرمنی، جہاں ڈیٹا کے تحفظ کا نسبتاً بہتر نظام موجود ہے۔

مرخیل کے بقول، ہم فرانس سےاس معاملے پر گفتگو کریں گے کہ ڈیٹا کے تحفظ کو سطح کی مزید بہتری کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

ہولاں کے دفتر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں حکومتیں اس معاملے پر بات چیت کرتی رہی ہیں، اور یہ کہ فرانس جرمنی کی پیش کردہ اِن تجاویز سے اتفاق کرتا ہے۔

ایک فرانسسی عہدے دار کے بقول، ’اب جب کہ جرمنی کی حکومت تشکیل پا چکی ہے، وقت آگیا ہے کہ ہم مل کر کوئی پیش رفت حاصل کریں‘۔
XS
SM
MD
LG