رسائی کے لنکس

مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے حماس کے ساتھ رابطہ ضروری ہے: روس



روس حماس کے ساتھ اپنے روابط جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اُس نے عسکریت پسند تنظیم کو مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے مذاکرات میں ایک مطلوبہ شراکت دار قرار دیا ہے۔

روسی وزیرِ خارجہ سرگئى لاف روف نے جمعے کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی فلسطینی تنازعے کا کوئى پُر امن حل تلاش کرنے کی کوششوں میں تمام فریقوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت جب کہ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کے مسئلے کی شدًت بڑھتی جا رہی ہے،حماس کے ساتہ روس کے رابطے خاص طور پر اہم ہو گئے ہیں۔

لاف روف نے الزام عائد کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں آباد کاروں کی بستیاں تعمیر کرنے کی اسرائیلی پالیسی، امن مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

مشرقِ وسطیٰ امن مذاکرات کے لیے چار رُکنی گروپ میں روس واحد رکن ہے جو حماس کے ساتھ بات کرتا ہے، جس کا غزہ پر کنٹرول ہے۔ گروپ کے باقی تین ارکان یورپی یونین، امریکہ اور اقوامِ متحدہ ہیں۔ امریکہ اور یورپی یونین حماس کو ایک دہشت گرد تنظیم خیال کرتے ہیں۔

لاف روف نے گشتہ مئى میں حماس کے لیڈر خالد مشعل سے شام کے دارالحکومت دمشق میں ملاقات کی تھی، جہاں مشعل جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG