رسائی کے لنکس

بھارتی نژاد خاتون 'مس امریکہ' منتخب


نینا عمر کی 24 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔ اس سے قبل، وہ ’مس نیویارک‘ کا مقابلہ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ ’مس امریکہ‘ جیتنے والی وہ دوسری ایشیائی امریکی ہیں

جی ہاں۔۔ اس بار سانولی سلونی بھارتی نژاد امریکی شہری نیناڈیولوری نے ’مس امریکہ‘ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والی 53 حسینائیں ان کے مقابلے میں تھیں۔ لیکن، نینا نے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور مس امریکہ کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔ نینا یہ ٹائیٹل جیتنے والی پہلی بھارتی نژاد ہیں۔

نینا عمر کی 24بہاریں دیکھ چکی ہیں۔ اس سے قبل وہ ’مس نیویارک‘ کا مقابلہ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ ’مس امریکہ‘ جیتنے والی وہ دوسری ایشیائی امریکی ہیں۔ ان سے قبل سنہ 2001 میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی انجیلا پریز براکیو یہ اعزاز جیت جیت چکی ہیں۔

جس وقت تاج ان کے سر پر سجایا جارہا تھا وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور خوشی سے ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک صدی سے جاری یہ ٹائٹل مقابلہ جیت کر بہت خوش ہیں اور پھولے نہیں سما رہیں۔

واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق نینا ڈاکٹر کا پیشہ اپنانا چاہتی ہیں اور اس غرض سے انہیں ایک میڈیکل کالج میں داخلہ مل گیا ہے۔ انعام میں ملنے والی رقم کا کچھ حصہ وہ اپنی تعلیم پر خرچ کریں گی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے نینا کی89 سالہ دادی، کوٹیش ورمما نے بتایا کہ جب انہوں نے ٹی وی پر نینا کے مس امریکہ کا خطاب جیتنے کی خبر سنی تو وہ بھی بے اختیار خوشی سے رو پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نینا کا مس امریکہ بننا دیرینہ خواب تھا جو آج سچ ہوگیا۔

نینا کے آباوٴ اجداد بھارتی ریاست آندھرا پریس کے چھوٹے سے علاقے وجے واڑہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پیر کے دن، جب نینا نے یہ مقابلہ جیتا تو اُن کی دادی نے وجے واڑہ فون کرکے اپنے دیگر اہل خانہ اور رشتے داروں کو یہ خوشخبری سنائی۔

XS
SM
MD
LG