رسائی کے لنکس

امریکی موٹرسائیکلوں کی فروخت میں اضافہ


امریکی موٹرسائیکلوں کی فروخت میں اضافہ
امریکی موٹرسائیکلوں کی فروخت میں اضافہ

معاشی صورت حال میں بہتری آنے کے ساتھ موٹر سائیکلوں کی صنعت کا مقدر بدل رہاہے اور امریکہ میں قائم موٹرسائیکلوں کی ایک مشہور کمپنی نے کہا ہے کہ اس کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

مشہور امریکی موٹر سائیکل کمپنی ہارلے ڈیوڈسن نے منگل کے روز کہا کہ گذشتہ پانچ سال میں پہلی بار اس کی فروخت بڑھی ہے اور امریکہ اور دنیا بھر میں اس کے تیار کردہ موٹرسائیکلوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

ہارلے ڈیوڈ سن کمپنی نے مخصوص انداز کی اپنی موٹر سائیکلوں کے باعث دنیا بھر میں اپنا ایک بڑا حلقہ پیدا کیا ہے مگر حالیہ برسوں میں اقتصادی بحران کے نتیجے میں اسے بھی مسائل کا سامنا کرناپڑا۔

دوسال قبل کمپنی نے موٹر سائیکلوں کی مانگ میں کمی کے باعث اپنے 11 فی صد ملازم نکال دیے تھے اور اس کا منافع 60 فی صد تک کم ہوگیاتھا۔

منگل کے روز ہارلے ڈیوڈ سن کمپنی نے اپنی نئی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کی توجہ امریکہ سے باہر کی منڈیوں پر ہے جس کے نتیجے میں جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں، گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اس کا منافع دوگنا ہوگیا۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ اپریل تاجون کی سہ ماہی میں کمپنی کا منافع 17 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا ۔ امریکہ میں اس کی فروخت میں ساڑھے سات فی صد جب کہ بیرون ملک ساڑھے پانچ فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

کمپنی نے کہا ہے کہ وہ باقی ماندہ سال کے دوران دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ موٹر سائیکلیں بیرونی ممالک کو بھیجے گی جو 2010ء کے مقابلے میں آٹھ سے 12 فی صد اضافہ ہے۔

ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکلوں کی قیمت ساڑھے سات ہزار ڈالر سے 35 ہزار ڈالر تک ہے۔

XS
SM
MD
LG