رسائی کے لنکس

فون ہیکنگ اسکینڈل: مرڈوک پارلیمان میں پیش ہونگے


جیمز اپنے والد رپرٹ مرڈوک کے ساتھ
جیمز اپنے والد رپرٹ مرڈوک کے ساتھ

ایک بڑی میڈیا کمپنی کے مالک رُپرٹ مرڈوک اپنے صاحبزادے جیمز کے ساتھ منگل کے روز برطانوی پارلیمان میں پیش ہو کر اپنے اخبار نیوز آف دی ورلڈ کے فون ہیکنگ ا سکینڈل میں ملوث ہونے سے متعلق سوالات کے جواب دیں گے۔

اتوار کے روز شائع ہونے والا یہ اخبار گزشتہ ہفتے بند ہو گیا تھا۔ اس کے رپورٹروں پر الزام ہے کہ انہوں نے مشہور شخصیات، سیاستدانوں، حریف صحافیوں حتی کہ قتل کے ملزمان کے موبائل فونوں تک غیر قانونی رسائی حاصل کی۔ گزشتہ اتوار کو گرفتار ہونے والی اخبار کی سابقہ ایڈیٹر ربیکا برُوکس بھی بیان دینے کے لئے پارلیمان میں پیش ہونگی۔

اس اسکینڈل کی وجہ سے لندن کے دو معروف پولیس افسران کو استعفی دینا پڑا۔ اسکینڈل کی صحیح چھان بین نہ کرنے پر تنقید کے باعث ، پیر کے روز اسسٹنٹ پولیس کمشنر جان یِٹس کو اپنی نوکری چھوڑنا پڑی۔ ایک روز پہلے لندن پولیس کے سربراہ پال اسٹیونسن نے اپنے عہدے کو خیرباد کہا تھا۔ برطانوی پولیس پر اخبار نویسوں سے رشوتیں لینے کا بھی الزام ہے۔

اسی دوران برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اِسی اسکینڈل سے نمٹنے کے لئے، اپنا افریقہ کا دورہ مختصر کر کے واپس لوٹ آئے ہیں۔ منگل کے روز سے پارلیمان میں چھ ہفتوں کی چھٹی کا آغاز ہو رہا تھا۔ تاہم مسٹر کیمرون نے قانون سازوں سے کہا ہے کہ بدھ کے روز خصوصی اجلاس میں شا مل ہوں۔

اِدھرامریکہ میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے بھی مرڈوک کے میڈیا گروپ کے خلاف تفتیش کا آغاز کیا ہے۔ ایف بی آئی اس تفتیش کر رہی ہے کہ کہیں مرڈوک میڈیا گروپ نے گیارہ ستمبر کے دہشت گرد حملوں کے متاثرین یا اُن کے اہل خانہ کے ٹیلی فونوں تک زبردستی رسائی تو حاصل نہیں کی یا معلومات حاصل کرنے کے لئے پولیس کو رشوت تو نہیں دی گئی۔

مرڈوک کمپنی کے امریکہ میں خبروں اور اینٹرٹینمنٹ سے متعلق متعدد منافع بخش ادارے کام کر رہے ہیں۔ ان میں امریکہ کا چوٹی کا کاروباری خبریں دینے والا اخبار وال سٹریٹ جنرل اور ایک بڑا ٹیلی وژن ،فاکس نیوز چینل شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG