رسائی کے لنکس

کابل میں نیٹو کے قافلے، رہائشی کالونی پر حملہ


فائل
فائل

حملہ نیٹو افواج کے کانٹریکٹرز اور دیگر بین الاقوامی اہلکاروں کی رہائشی کالونی 'گرین ویلیج' کے نزدیک کیا گیا اور حملہ آوروں کا اصل نشانہ رہائشی کالونی ہی تھی۔

افغانستان کےد ارالحکومت کابل میں طالبان جنگجووں نے بین الاقوامی افواج کی ایک رہائشی کالونی اور گاڑیوں کے قافلے پر بڑا حملہ کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حملے کا آغاز جمعے کی شام پانچ بجے اس وقت ہوا جب ایک کار سوار خود کش حملہ آور نے نیٹو فوجیوں کی گاڑیوں کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ نیٹو افواج کے کانٹریکٹرز اور دیگر بین الاقوامی اہلکاروں کی رہائشی کالونی 'گرین ویلیج' کے نزدیک کیا گیا اور حملہ آوروں کا اصل نشانہ رہائشی کالونی ہی تھی۔

ایک پولیس افسر نے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ خود کش حملے کے نتیجے میں نیٹو افواج کی دو سے تین گاڑیاں تباہ ہوئیں جس کے بعد جنگجووں نے گاڑیوں پر فائرنگ بھی کی۔

اطلاعات کے مطابق حملہ 'گرین ویلیج' کے ساتھ واقع سڑک پر کیا گیا جب کہ متضاد اطلاعات ہیں کہ جنگجو کالونی کے داخلی دروازے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حملہ 'گرین ویلیج' کے سامنے سڑک پر کیا گیا تھا لیکن جنگجو کالونی کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

پولیس افسر کے مطابق حملے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ افغان حکومت اور نیٹو حکام نے حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے متعلق تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے 'ٹوئٹر' پر جاری کیے جانے والے اپنے ایک پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے جنگجووں نے "غیر ملکی حملہ آوروں" اور ان کے اہم مرکز 'گرین ویلیج' کو نشانہ بنایا ہے۔

خیال رہے کہ 'گرین ویلیج' پر گزشتہ سال بھی طالبان نے اسی نوعیت کا ایک حملہ کیا تھا۔ جب کہ دارالحکومت کابل پر جولائی کے بعد یہ پہلا بڑا حملہ ہے۔
XS
SM
MD
LG