رسائی کے لنکس

شام میں مداخلت کا ارادہ نہیں: نیٹو


'نیٹو' کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اتحاد کی جانب سے شام میں فوجی مداخلت کے امکان کو رد کیا ہے

مغربی ممالک کے دفاعی اتحاد 'نیٹو' نے واضح کیا ہے کہ اس کا شام میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'نیٹو' کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اتحاد کی جانب سے شام میں فوجی مداخلت کے امکان کو رد کیا ہے جہاں باغی جنگجو صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔

'نیٹو' عہدیدار کی وضاحت شامی حزبِ اختلاف کے رہنما معاذ الخطیب کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے امریکہ پر زور دیا تھا کہ وہ شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کے تحفظ کےلیے اپنے میزائل استعمال کرے۔

اپنے بیان میں الخطیب نے کہا تھا کہ انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باغیوں کے زیرِ قبضہ شام کے شمالی علاقوں کو سرکاری افواج کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے امریکی افواج کو خطے میں نصب 'پیٹریاٹ' میزائلوں کے استعمال کی اجازت دیں۔

خیال رہے کہ 'نیٹو' کے تین رکن ممالک نے حال ہی میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے 'پیٹریاٹ' میزائل ترکی میں نصب کیے ہیں تاکہ اسے پڑوسی ملک شام کی جانب سے ہونے والے فضائی حملوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔
XS
SM
MD
LG