رسائی کے لنکس

نواز شریف کا شہزادہ محمد بن سلمان کے نام تہنیتی پیغام


اپنے تہنیتی پیغام میں نواز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ’’اُن کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت میں برادر ملک سعودی عرب زیادہ ترقی و خوشحالی حاصل کرے گا‘‘

وزیر اعظم نواز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا ولی عہد مقرر ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نواز شریف نے شہزادہ محمد کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ان کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت میں برادر ملک سعودی عرب زیادہ ترقی و خوشحالی حاصل کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ مذہبی اقدار کے حامل ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے نہایت قریبی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں بھی قریبی تعاون ہے۔ لاکھوں پاکستانی روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہیں جو ہر سال ایک کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔

سعودی عرب کی قیادت میں قائم 40 سے زائد مسلمان ملکوں پر مشتمل فوجی اتحاد کی قیادت پاکستانی فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے ملک کے ولی عہد شہزادہ محمد نائف کو تمام عہدوں سے ہٹاتے ہوئے، اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کیا تھا۔

31 سالہ شہزادہ محمد بن سلمان اس سے قبل ملک کے نائب ولی عہد تھے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کا نائب وزیراعظم بنا دیا گیا، جب کہ وزارت دفاع اور دیگر عہدے اُن کے پاس رہیں گے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG