رسائی کے لنکس

ٹیکساس: فائرنگ کے بعد 200 مشتبہ افراد گرفتار


ویکو میں جائے واقعہ کا منظر
ویکو میں جائے واقعہ کا منظر

شہر میں پولیس اہلکاروں اور زخمیوں کو طبی امداد دینے والے اسپتالوں کے عملے کو دھمکیاں موصول ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے وسطی شہر ویکو میں اتوار کو موٹرسائیکل سوار گروہوں کے درمیان تصادم میں نو افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے لگ بھگ 200 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق انہوں نے واردات میں ملوث ہونے کے شبہ میں اب تک 192 افراد کو حراست میں لیا ہے جب کہ جائے وقوعہ سے کم از کم 50 ہتھیار بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔

ویکو کے پولیس سربراہ پیٹرک سوئنٹن نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ اتوار کو موٹر سائیکل سواروں کے پانچ مختلف گروہوں کے مابین تصادم ہوا تھا جس میں نو افراد ہلاک اور 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ویکو کے ایک معروف کاروباری علاقے میں واقع ایک ریستوران میں تصادم کا آغاز تلخ کلامی اور ہاتھاپائی سے ہوا تھا جس کےبعد فریقین نے ایک دوسرے کو لاٹھیوں، خنجروں اور زنجیروں اور بعد ازاں آتشی اسلحے سے نشانہ بنایا تھا۔

سارجنٹ پیٹرک سوئنٹن نے بتایا کہ جب پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزمان نے ان پر بھی فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے بعض افراد فائرنگ اور تصادم میں ملوث ہیں جب کہ دیگر واقعے کے عینی شاہد ہوسکتے ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

حکام نے متاثرہ ریستوران کو "امنِ عامہ میں خلل اندازہونے کے خطرے کے پیشِ نظر" سات روز کے لیے بند کردیا ہے۔

پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تصادم میں ملوث گروہ انتقامی کارروائی کرسکتے ہیں۔ شہر میں پولیس اہلکاروں اور اسپتالوں کے عملے کو دھمکیاں موصول ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ آس پاس کے شہروں سے بھی پولیس کے دستے ویکو طلب کرلیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG