انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ بیٹنگ اور بالنگ رینکنگ جاری کردی ہے۔ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی رینکنگ میں دو درجہ تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ نئی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ انگلینڈ کے جو روٹ کا دوسرا اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کا تیسرا نمبر ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے پر آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین کی تین درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچواں نمبر نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کا ہے۔
بھارت کے بیٹر وراٹ کوہلی کی بھی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے اور وہ تین درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
البتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر بابر اعظم کی دو درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیزیز کے پہلے میچ میں بابر اعظم 21 اور 14 رنز بنا سکے تھے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ تیسرے میچ میں سابق پاکستانی کپتان 26 اور 23 رنز بنا سکے تھے۔ ان تین میچز کی سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ بالنگ رینکنگ میں بھارت کے روی چندر ایشون پہلے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلوی بالر پیٹ کمنز ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے بالر کاگیسو ربادا ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
رینکنگ میں چوتھا اور پانچواں نمبر بالترتیب بھارتی بالر جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجا کا ہے۔
کوئی پاکستانی بالر آئی سی سی کی ٹیسٹ بالنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔
فورم