رسائی کے لنکس

افغانستان: بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک متعدد زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جمعہ کو شمالی صوبے فریاب میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم ازکم 11 افراد مارے گئے تھے۔

افغانستان میں ہفتہ کو دو مختلف بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں نامعلوم افراد کی طرف سے بتی کوٹ ضلع کے سربراہ غالب مجاہد کی گاڑی کے ساتھ نصب بم میں دھماکا کیا گیا جس سے ان کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا جب کہ وہ خود اور ایک دوسرا شخص اس واقعے میں زخمی ہوئے۔

ادھر کابل میں بھی پولیس کی ایک گاڑی کے ساتھ بھی نصب بم میں دھماکے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔

تاحال ان واقعات کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے لیکن طالبان کی طرف سے تواتر کے ساتھ سکیورٹی فورسز اور سرکاری عہدیداروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

افغانستان میں حالیہ مہینوں کے دوران پرتشدد واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جمعہ کو جنوبی صوبہ ہلمند میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک مقامی صحافی جان سے ہاتھ بیٹھا تھا جب کہ اسی روز شمالی صوبے فریاب میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم ازکم 11 افراد مارے گئے تھے۔

حکام کے مطابق شادی کی ایک تقریب سے واپس آنے والوں کی گاڑی سڑک میں نصب ایک بم سے ٹکرا گئی جس سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک جب کہ دلہن سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

XS
SM
MD
LG