رسائی کے لنکس

شمالی کوریا امریکی ایلچی کو دورے کی پیش کش سے دستبردار


جمعے کے روز ایک بیان میں، محکمہٴخارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ شمالی کوریا کے فیصلے پر ’حیران اور مایوس‘ ہے، اور ساتھ ہی، زیرحراست کینیتھ بائے کی صحت کے بارے میں فکرمند ہے

امریکی محکمہٴخارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک اعلیٰ امریکی ایلچی کو پیانگ یانگ کے دورے کی پیشکش واپس لے لی ہے، جو قید کوریائی نژاد امریکی کی رہائی کے بارے میں بات چیت کرنے والے تھے۔

محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، ماری ہارف نے جمعے روز کہا کہ امریکہ شمالی کوریا کے فیصلے پر ’حیران اور مایوس‘ ہے، اور زیر حراست کینیتھ بائے کی صحت کے بارے میں فکرمند ہے۔

امریکی ایلچی رابرٹ کنگ جمعے کو ٹوکیو سے پیانگ یانگ سفر کرنے والے تھے، تاکہ انسانی بنیادوں پر بائے کی رہائی کے لیے درخواست کر سکیں۔

بائے 44سالہ عیسائی مشنری ہیں جو سیاحتی کارندے کے طور پر گذشتہ سال شمالی کوریا میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیے گئے تھے۔ اُنھیں شمالی کوریا کی حکومت کو برطرف کرنے کی کوشش کے الزام میں 15برس کی بیگار کی سزا سنائی گئی تھی۔

بائے کے خاندان کا کہنا ہے کہ اُن کی صحت تیزی سے بگڑتی جارہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ 23کلوگرام سے زائد وزن کم ہونے کے بعد اُنھیں بیگار کیمپ سے جیل کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


سنہ 2009سے اب تک شمالی کوریا نے کم از کم چھ امریکیوں کو گرفتار کیا ہے۔ سزا کاٹنے کے بعد ساروں کو ملک واپس جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اِن میں سے زیادہ تر کو اُس وقت رہائی ملی جب معروف امریکیوں نے شمالی کوریا کا دورہ کیا، جن میں سابق صدور جمی کارٹر اور بل کلنٹن شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG