رسائی کے لنکس

پارلیمان کے انتخابات دو ماہ بعد ہوں گے: شمالی کوریا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

سرکاری خبر رساں ایجنسی کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق سپریم پیپلز اسمبلی کے انتخابات 9 مارچ کو منعقد ہوں گے۔

شمالی کوریا نے مارچ میں ’’غیر موثر پارلیمان‘‘ کے انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے جو کہ کم جونگ ان کی زیرقیادت پہلے الیکشن ہوں گے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق سپریم پیپلز اسمبلی کے انتخابات کے لیے 9 مارچ کا اعلان کیا گیا۔

ہر پانچ سال کے بعد ہونے والے ان انتخابات میں سرکاری طور منظور شدہ امیدوار ہی حصہ لے سکتا ہے۔ ہر ضلع سے ایک ہی امیدوار کو سرکاری طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔

تاہم کیونکہ یہ پارلیمان کئی اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ہوتی ہے اس لیے مسٹر کم کی طاقت کا اندازہ لگانے کے لیے اس کے نتائج کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔

گزشتہ ماہ ہی شمالی کوریا کے رہنما نے اپنے پھوپھا جینگ سونگ تھائیک کو ان کے ساتھیوں سمیت موت کی سزا دی تھی۔

جینگ کو کم کا استاد اور حکومت میں دوسرا با اثر عہدیدار جانا جاتا تھا تاہم انہیں ریاست گرانے کی منصوبہ بندی پر سزا دی گئی۔

نئے سال کے موقع پر اپنی تقریر میں کم جونگ اُن نے کہا تھا کہ جینگ کے خلاف کارروائی حکمران ورکرز پارٹی سے’’گروہی گندگی‘‘ کو دور کرنے کے لیے ضروری تھی۔

جینگ پارلیمان کے ایک رکن تھے اور نئی پارلیمان کا قیام شمالی کوریا کی طاقت کے خفیہ ڈھانچے میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

شمالی کوریا کی پارلیمان ایک علامتی اہمیت رکھتی ہے اور اس کا اجلاس سال میں دو مرتبہ ہوتا ہے جس میں بجٹ، آئینی ترامیم اور سرکاری تقرریوں کی متفقہ طور پر منظوری دی جاتی ہے۔

آخری پارلیمانی انتخابات مارچ 2009ء میں سابق رہنما کم جونگ ال کے دور میں ہوئے اور 2011ء میں ان کے انتقال کے بعد اقتدار ان کے بیٹھے کم جونگ اُن کو منتقل ہوا۔
XS
SM
MD
LG