رسائی کے لنکس

شمالی کوریا نے امریکی شہری کو رہا کردیا


میرل نیومین
میرل نیومین

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق 85 سالہ میرل نیومین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا گیا اور چونکہ انھوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی تھی۔

شمالی کوریا نے ملک کے خلاف ’’جارحانہ کارروائیوں‘‘ کے الزام میں حراست میں لیے گئے معمر امریکی شہری کو ملک بدر کر دیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’کےسی این اے‘ کے مطابق ہفتہ کو 85 سالہ میرل نیومین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کردیا گیا اور چونکہ انھوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی تھی۔

کیلیفورنیا کے رہائشی نیومین 1950۔1953 تک جاری رہنے والی کوریائی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں۔

وہ مصدقہ ویزے پر شمالی کوریا آئے لیکن جب وہ امریکہ واپس جانے کے لیے 26 اکتوبر کو جہاز میں بیٹھے تو انھیں حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

چند دن بعد شمالی کوریا کی خبر رساں ایجنسی نے ایک وڈیو جاری کی جس میں نیومین کو باآواز بلند معافی نامہ پڑھتے ہوئے دکھایا گیا۔ یہ واضح نہیں کہ معافی نامہ انھوں نے خود تحریر کیا تھا یا یہ بیان ان سے زبردستی پڑھوایا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے ہفتہ کو کہا کہ نیومین کی رہائی ایک مثبت فیصلہ ہے لیکن انھوں نے ساتھ ہی شمالی کوریا پر ایک اور امریکی شہری کینتھ بئی بھی کو رہا کرنے پر بھی زور دیا، جو ایک سال سے زائد عرصے سے وہاں قید ہے۔

بئی کو حکومت کا تختہ الٹنے کے الزام میں قید کیا گیا ہے۔

ہارف نے سویڈن کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا کیونکہ شمالی کوریا میں امریکی سفارتخانہ نہ ہونے کی وجہ سے سویڈن وہاں امریکی مفادات کی ترجمانی کرتا ہے۔
XS
SM
MD
LG