رسائی کے لنکس

برطانیہ میں شمالی قطبی روشنیوں کے مناظر


شمسی طوفان اور اس سے پیدا ہونے والی شعائیں جمعرات کی شب زمین کی مقناطیسی میدان سے ٹکرا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں، آسمان کا مشاہدہ کرنے والے شوقین افراد کو ان شعاؤں کے زمینی کرئے سے ٹکرانے کے باعث پیدا ہونے والے رنگوں کا نظارہ کرنے کا موقع ملے گا

ماہرین فلکیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ شمالی قطبی روشنیاں آج رات شمالی برطانیہ میں بھی دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ بہت عرصے بعد، برطانیہ کا موسم اس لحاظ سے موزوں ہے کہ جنوبی برطانیہ میں رہنے والے افراد بھی صاف شفاف آسمان کی تاریکی میں رنگ برنگی دلکش روشنیوں کےنظارے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
خلائی موسم کی پیشن گوئی کے مرکز NOAA) ) نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ شمسی طوفان کا آغاز منگل کے روز 6 بجکر 30 منٹ پرسورج کی وسطی سطح پر ایک شعلہ بھڑکنے سے ہوا، جس کے نتیجے میں سورج کی سطح سے طاقتور توانائی کا اخراج ہوا۔ لہذا، اندازا لگایا گیا ہے کہ دو روز میں زمین پر طاقتور مقناطیسی شمسی طوفان کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
’برٹش جیولوجیکل سروے‘ کے مطابق، طاقتور شمسی طوفان کرہ ارض کی سمت بڑھ رہا ہے جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ شمسی طوفان اور اس سے پیدا ہونے والی شعائیں جمعرات کی شب زمین کی مقناطیسی میدان سے ٹکرا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں، آسمان کا مشاہدہ کرنے والے شوقین افراد کو ان شعاؤں کے زمینی کرئے سے ٹکرانے کے باعث پیدا ہونے والے رنگوں کا نظارہ کرنے کا موقع ملے گا جنھیں ناردرن لائٹس کہا جاتا ہے۔

’ناردرن لائٹس‘ یا قطبی روشنیاں سورج کےخارج کردہ توانائی سے بھرے ذرات اور زمین کے مقناطیسی نظام کے ٹکراؤ سے پیدا ہوتی ہیں۔
قطبی روشنیوں کا حسین امتزاج عام طور پر قطب شمالی خطوں یا قطب جنوبی خطوں میں نظر آتا ہے۔ جنوبی نصف کرئے میں انھیں' آرورا آسٹریلیاس ' کہا جاتا ہے اور شمالی نصف کرئے میں اسے 'آرورا بوریالس ' کا نام دیا گیا ہے۔

ناردرن لائٹس سال کے اسی عرصے میں عام طور پر قطب شمالی کے قریبی حصوں میں نظر آتی ہے مثلا فن لینڈ، آئس لینڈ، ناروے، سوئیڈن میں سبز، سرخ، نیلی اور زرد رنگ کی روشنیوں کا ملاپ واضح نظر آتا ہے۔ لیکن، شمسی طوفان کے باعث، ان روشنیوں کا نظارہ اسکاٹ لینڈ اور شمالی برطانیہ کے علاوہ امریکہ کے بعض حصوں میں بھی کیا جاتا ہے۔
لنکاسٹر یونیورسٹی سے وابستہ 'آرورا واچ یو کے' کے بانی، فریدے ہونری نے کہا کہ اگر آپ برطانیہ کے شمالی حصے میں رہتے ہیں تو آج رات کیمرہ لے کر باہر جانا یقینا آپ کی زندگی کے قیمتی لمحات میں اضافہ کرے گا، خاص طور پرمڈلینڈز اور اسکاٹ لینڈ میں رہنے والے افراد کے لیے ناردرن لائٹس دیکھنے کا یہ ایک بہترین موقع ہو سکتا ہے ۔
خلاٴ کے جادوئی مناظر کو دیکھنے کے حوالے سے لندن میں رہنے والوں کو بھی مایوس نہیں کیا گیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق، اگرچہ ایسا امکان نظر نہیں آتا، لیکن یہ ناممکن بھی نہیں ہے کہ آج رات لندن کا آسمان بھی شمالی قطبی روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔
XS
SM
MD
LG