رسائی کے لنکس

افغانستان: صدراوباما کی کابل میں صدر کرزئی اور امریکی فوجیوں سے ملاقات


امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان کے ایک ایسے دورے کے دوران جس کاپہلے سے اعلان نہیں کیا گیاتھا، صدر حامد کرزئی پربدعنوانی کے خلاف کارروائی اور اپنی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا ہے ۔

صدر اوباما نے کابل کے اپنے چھ گھنٹے کےدورے کا آغاز صدارتی محل میں بات چیت سے کیا۔انہوں نے ملک کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں مسٹر کرزئی اور ان کی کابینہ کی تعریف کی لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ عہدے داروں کو بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مسٹر کرزئی نے امریکی مدد کے لیے شکریہ اداکیا اور یہ وعدہ کیا کہ ان کا ملک آگے بڑھے گااور آخرکار اپنے سیکیورٹی کے معاملات خود سنبھال لے گا۔ وائٹ ہاؤس نے کہاہےکہ مسٹر کرزئی 12 مئی کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے ۔

صدر اوباما نے کابل کے شمال میں بگرام کے ہوائی اڈے پر امریکی فوج کے افسروں اور فوجیوں سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے کہ افغانستان میں امریکہ کا مشن واضح ہے اور وہ ہے القاعدہ اور اس کے انتہاپسند اتحادیوں کو تہہ وبالا کرنا، ان کا شیرازہ بکھیرنا اور انہیں شکست دینا ۔

صدر اوباما فوج نے مشن کی اہمیت پر یہ کہتے ہوئے زوردیا کہ یہ امریکی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان نے ملک کا کنٹرول ایک بار پھر سنبھال لیا تو اس سے امریکیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔

XS
SM
MD
LG