رسائی کے لنکس

کانگریس 'امیگریشن بل' کی منظوری دے، صدر اوباما


صدر نے اصلاحات سے اتفاق کرنے والے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ ایوانِ نمائندگان کے ارکان پر بِل کی منظوری کے لیے دبائو ڈالیں تاکہ اس کا جلد از جلد نفاذ یقینی بنایا جاسکے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے ایوانِ نمائندگان پر زور دیا ہے کہ وہ امیگریشن سے متعلق اس مجوزہ قانون کی جلد منظوری دے جس کے نتیجے میں امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے لیے شہریت کی راہ ہموار ہوگی۔

اپنے ہفتہ وار خطاب میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے اس بِل کے نتیجے میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ آمد کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

خیال رہے کہ امریکی سینیٹ – جس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے - پہلے ہی اس بِل کو منظور کرچکی ہے لیکن ایوانِ نمائندگان میں اکثریت رکھنے والے ری پبلکن قانون ساز اس بِل کی سخت مخالفت کر رہے ہیں۔

ایوان کے ری پبلکن اسپیکر جان بینر واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ سینیٹ کے حمایت یافتہ مجوزہ قانون کو ایوان میں پیش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپنے خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ بِل میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے نتیجے میں بہترین صلاحیتوں کے حامل تارکینِ وطن اور کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبہ کے لیے امریکہ میں اپنا کاروبار شروع کرنا آسان ہوگا جس کے نتیجے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور امریکی معیشت مضبوط ہوگی۔

صدر نے اصلاحات سے اتفاق کرنے والے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ ایوانِ نمائندگان کے ارکان پر بِل کی منظوری کے لیے دبائو ڈالیں تاکہ اس کا جلد از جلد نفاذ یقینی بنایا جاسکے۔

مجوزہ قانون کے تحت امریکہ میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن جرمانہ ادا کرکے حکومت کے پاس اپنا اندراج کراسکیں گے جس کےبعد انہیں اپنا کام جاری رکھنے کے لیے امریکہ میں عارضی قیام کی قانونی اجازت دی جائے گی۔

مجوزہ قانون کے مطابق عارضی مدت ِ قیام کی تکمیل کے بعد ان غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکہ کی شہریت دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

لیکن بِل میں وضاحت کی گئی ہے کہ ملک میں پہلے سے موجود غیر قانونی تارکینِ وطن کو اس وقت تک شہریت نہیں دی جائے گی جب تک کہ نئے غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے امریکی سرحدوں کی کڑی نگرانی اور دیگر متعلقہ اقدامات نہیں کرلیے جاتے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ایک کروڑ سے زائد تارکینِ وطن کے مستقبل کے تعین کا معاملہ گزشتہ 20 برسوں سے کانگریس میں ڈیموکریٹ اور ری پبلکن کے درمیان وجہ نزاع بنا ہوا ہے۔

ڈیموکریٹ رہنما غیر قانونی تارکینِ وطن کو بعض شرائط کی تکمیل کے بعد امریکہ کی شہریت دینے کی حمایت کرتے آئے ہیں جب کہ اس کےبرعکس ری پبلکن کا اصرار رہا ہے کہ تارکینِ وطن کی غیر قانونی آمد کو روکنے کے لیے پہلے سرحدوں کی نگرانی سخت کی جائے۔
XS
SM
MD
LG