رسائی کے لنکس

شوبزنس کے ستارے ’سیاسی افق ‘ پر چمکنے لگے


کچھ سیلبرٹیز سے ان کی پسندیدہ پارٹی اور اسے پسند کرنے کی وجوہات سے متعلق گفتگو کی

پاکستان میں آج کل جس چیز کاسب سے زیادہ چرچا ہے و ہ ہے سیاست اور انتخابات۔۔ جہاں چلے جائیں، جس سے بات کریں وہ انہی دو موضوعات پر ہی بات کرتا سنائی دے گا۔ سیاست کی اس گہماگہمی نے شوبز کی سیلبرٹیز کو بھی متاثر کئے بغیر نہیں چھوڑا۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے مقبول اداکار اور گلوکار مختلف سیاسی پارٹیوں کے گن گاتے نظر آتے ہیں۔

پاکستان کے موقر انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے ایسی ہی کچھ سیلبرٹیز سے ان کی پسندیدہ پارٹی اور اسے پسند کرنے کی وجوہات سے متعلق گفتگو کی۔ قارئین کی دلچسپی کی غرض سے اس گفتگو کے کچھ حصے ذیل میں پیش کئے جارہے ہیں:

ابرار الحق
’کنے، کنے جانا بلودے گھر‘ سے شہرت پانے والے سنگر ابرارالحق کے پرستاروں میں آٹھ سال کے بچے سے لے کر اسی سال کے بزرگ تک سبھی شامل ہیں۔ مدھر آواز کے مالک ابرارالحق نے سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کے لئے انتخاب کیا عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف کا۔

بھنگڑا کنگ اور پی ٹی آئی کے فارن افئیرز کے سیکرٹری ابرار الحق کا کہنا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف اس لئے جوائن کی کیونکہ وہ ملک میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان کے بارے میں ابرار نے کہا کہ” عمران ایماندار، سچے اور بہادر شخص ہیں“

زیبا بختیار
ٹی وی کی ’انار کلی‘ اور خوبصورت شخصیت کی مالک زیبا بختیار کے بارے میں اڑتی اڑتی خبریں ہیں کہ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ جوائن کر لی ہے۔ ان خبروں کی تصدیق کے لئے زیبا سے رابطہ تو نہ ہوسکا تاہم ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ زیبا بختیار بہت سے بنیادی مسائل مثلاً اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں متحدہ کی پالیسیوں سے اتفاق رکھتی ہیں تاہم انہوں نے باضابطہ طور پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

شازیہ خشک
لوک گلوکار شازیہ خشک کے شوہر پروفیسر ابراہیم خشک نے شازیہ کے بارے میں کہا کہ وہ تمام پارٹیوں کے لئے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔ شازیہ خشک ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے گانے بھی گا چکی ہیں۔

عتیقہ اوڈھو
حسین اور ذہین عتیقہ اوڈھو دلچسپ کشمکش کا شکار ہیں اور اس کی وجہ ہیں سابق صدر پرویز مشرف اور ان کے شوہر ثمرعلی خان۔۔ عتیقہ اوڈھو ماضی میں مشرف کی پارٹی ’آل پاکستان مسلم لیگ‘ کی عہدیدار رہ چکی ہیں جبکہ ان کے شوہر کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔ اسی لئے جب عتیقہ سے ان کی پسندیدہ پارٹی کا پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل سوال ہے۔

انہوں نے ازراہ ِمذاق ہنستے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات میں انہیں پی ٹی آئی کے عارف علوی اور پرویز مشرف میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو وہ بھاگ جائیں گی۔۔ عتیقہ کے مطابق پرویز مشرف بہترین انسان اور پاکستان سے محبت کرنے والے شخص ہیں۔

سلمان احمد
’جنون‘ بینڈ کے سابق ممبر اور مشہور گٹارسٹ سلمان احمد پی ٹی آئی کی اکثر ریلیوں میں عمران خان کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ سلمان کے خیال میں عمران خان کو خدا نے خاص طور پر پاکستان کے لئے بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لئے نوجوانوں اور خواتین کا جنون اس بات کا اشارہ ہے کہ نیا پاکستان تشکیل کے مراحل طے کررہا ہے۔
XS
SM
MD
LG