رسائی کے لنکس

موقع پرستوں کو آریانا گرانڈے کے ’بنیفٹ شو‘ کے مفت ٹکٹ میں دلچسپی


ٹکٹ ماسٹر نے بتایا ہے کہ اصل شو کے شرکا کے مقابلے میں لوگوں کی تقریباً دگنی تعداد نے مفت ٹکٹ کے لیے درخواست دی ہے

مانچسٹر میں آریانا گرانڈے کے ’بینیفٹ شو‘ کے مفت ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے ہزاروں افراد جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں کہ اُنھوں نے آریانا گرانڈے کے اصل شو میں شرکت کی تھی جب حملہ ہوا تھا۔ ٹکٹ ماسٹر نے بتایا ہے کہ اِس جھوٹے دعوے کا مقصد اتوار کے روز منعقد ہونے والے کنسرٹ کے لیے مفت کے ٹکٹ کا حصول ہے۔

وہ لوگ جنھوں نے 22 مئی کے ’کنسرٹ‘ میں شرکت کی، اُنھیں اتوار کے شو کے مفت ٹکٹ کی پیش کش کی گئی ہے، جس میں گرانڈے اور کئی ایک دیگر موسیقار شریک ہوں گے، جن میں روبی ولیمز، لٹل مکس، ٹیک دیٹ، کیٹی پیری، مائلی سائرس اور جسٹن بائبر شامل ہیں۔

ٹکٹ ماسٹر نے بتایا ہے کہ اصل شو کے شرکاٴ کے مقابلے میں لوگوں کی تقریباً دگنی تعداد نے مفت ٹکٹ کے لیے درخواست دی۔

ایک بیان میں، ٹکٹ ماسٹر نے کہا ہے کہ ’’ہم نے 14200 افراد کے لیے مفت ٹکٹ مختص کیے ہیں، جنھوں نے ’ون لو مانچسٹر‘ کے روز آریانا گرانڈے کے شو میں شرکت کی تھی۔ 25000 سے زائد افراد نے درخواست دی۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 10000 سے زائد جھوٹی درخواستیں دی گئیں‘‘۔

بقول اُن کے ’’ٹکٹ ماسٹر کا دفتر ذمے کام انجام دے رہا ہے، جس کے لیے آج کی حتمی تاریخ میں اضافہ کیا گیا، تاکہ یہ بات یقینی بنائی جائے کہ ٹکٹ صرف اُنہی کو ملے جو حقیقی شائقین ہیں، ناکہ کہ موقع پرست یا دلالوں کو، جو مفت ٹکٹ کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں‘‘۔

خودکش بم حملے میں ’کنسرٹ‘ دیکھ کر باہر نکلنے والوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 22 افراد ہلاک جب کہ 116 زخمی ہوئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔ ہلاک شدگان میں متعدد کم سن شامل ہیں۔

متوقع طور پر ’ون لو مانچسٹر شو‘ سے 25 لاکھ سے زائد پاؤنڈ اکٹھے ہوں گے۔ یہ رقوم ہلاک و زخمی ہونے والوں کے لیے تشکیل دیے گئے فنڈ میں جمع ہوں گی۔

مفت ٹکٹ کے علاوہ، ٹکٹ ماسٹر نے جمعرات کو51.50 پاؤنڈ کے تقریباً 35000 ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے، جو تمام 20 منٹ کے اندر اندر بِک گئے۔


دیگر لوگوں نے ’اِی بے‘ پر منافعے پر ٹکٹ فروخت کیے، جنھوں نے ایک ٹکٹ 257.50 پاؤنڈ تک میں بیچا۔


کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ’آکشن‘ رکوانے کی کوشش کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG