رسائی کے لنکس

پاکستان: بم دھماکے میں 18 شیعہ عزادار ہلاک


پاکستان: بم دھماکے میں 18 شیعہ عزادار ہلاک
پاکستان: بم دھماکے میں 18 شیعہ عزادار ہلاک

صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں اتوار کو شیعہ برادری کے جلوس کے دوران بم دھماکے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا اُس وقت ہوا جب شیعہ عزاداروں کا جلوس خانپور شہر کے مرکزی حصے سے گزر رہا تھا جہاں اُس کی حفاظت کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔

اطلاعات کے مطابق بم بجلی کے ایک کھمبے کے قریب نصب کیا گیا تھا جس میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔

ضلعی پولیس افسر سہیل ظفر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بم کی نوعیت کے بارے میں بتایا کہ یہ مقامی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ ’’دستیاب شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ یہ بم دھماکا تھا اور بارودی مواد کے ساتھ چھرے بھی استعمال کیے گئے۔‘‘

اس واقع میں زخمی ہونے والے افراد کو رحیم یار خان کے ضلعی ہیڈکوارٹرز اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اکثر زخمیوں کو چھرے لگنے کی وجہ سے گہرے زخم آئے ہیں۔

پولیس نے ابتدائی طور پر دھماکے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جلوس میں شریک افراد نے جو علم اٹھا رکھا تھا وہ بجلی کے تاروں سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے ٹرانسفارمروں میں دھماکا ہوا۔ لیکن بعد ازاں بم ڈسپوزل حکام نے تصدیق کی کہ دھماکا پہلے سے نصب کردہ بم سے کیا گیا۔

دھماکے کے بعد جلوس میں بھگڈر مچ گئی جب کہ بعض مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کے علاوہ اُن کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

ضعلی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ علاقے میں کشیدگی بڑھ جانے کی وجہ سے پولیس کی اضافی نفری کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو بھی طلب کیا گیا۔

’’ہم نے رینجرز کی مدد طلب کی تھی جس کا اُنھوں نے فوری طور پر جواب دیا۔ اب حالات قابو میں ہیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG