رسائی کے لنکس

بلوچستان: درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے


امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز سبی کے قریب 71 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

پاکستان کے جنوب مغرب صوبہ بلوچستان میں جمعہ کو درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور تاحال اس میں کسی طرح کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز سبی کے قریب 71 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

اس تازہ زلزلے سے ایک ہفتہ قبل ہی بلوچستان سے ملحقہ صوبہ سندھ کے متعدد اضلاع میں آنے والے زلزلے سے ایک شخص ہلاک اور لگ بھگ 70 زخمی ہوگئے جب کہ املاک کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

پاکستان کو گزشتہ ایک دہائی میں متعدد بار شدید زلزلوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز زلزلہ اکتوبر 2005ء میں آیا تھا جس نے ملک کے شمال مغرب اور کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی تھی۔

7.6 شدت کے اس زلزلے میں تقریباً 74 ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے جب کہ بنیادی ڈھانچے سمیت املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

گزشتہ سال ستمبر میں بلوچستان میں 7.7 شدت کے زلزلے میں 376 افراد ہلاک اور لگ بھگ ایک لاکھ لوگ بے گھر ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG