رسائی کے لنکس

اسلام آباد: بنگلہ دیشی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب


ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ’’بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشن کے فیس بک پیج پر شیخ مجیب کے حوالے سے متنازع ویڈیو سے ہائی کمیشن کا کوئی تعلق نہیں ہے‘‘

ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے مبینہ طور پر ویڈیو کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافے کا باعث بنا ہوا ہے؛ اور بنگلہ دیش کے بعد اب پاکستان نے بھی اسلام آباد میں تعینات بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، بنگلہ دیش کی جانب سے ’’سخت و غیر سفارتی زبان کے استعمال پر‘‘ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے بنگلہ دیش کی جانب سے استعمال کردہ زبان کو، بقول اُن کے ’’غیر سفارتی‘‘ اور ’’سفارتی آداب کے خلاف‘‘ قرار دیا۔

پاکستانی ترجمان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشن کے فیس بک پیج پر شیخ مجیب کے حوالے سے متنازع ویڈیو سے ہائی کمیشن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’ویڈیو ہائی کمشن کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ نہیں ہوئی تھی، بلکہ فیس بک پیج پر کسی اور کی طرف سے لگائی گئی۔‘‘

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان 1974 کے سہہ فریقی معاہدے کی روشنی میں بنگلہ دیش سے تعلقات آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ اس معاہدہ میں اس وقت کے بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ’’ماضی کو بھول کر ایک نیا آغاز کیا جائے‘‘۔

یاد رہے کہ اس متنازع ویڈیو کی وجہ سے بنگلہ دیش کی جانب سے ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا تھا؛ اور بنگلہ دیش نے پاکستانی ہائی کمشنر سے متنازع ویڈیو پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG