رسائی کے لنکس

ذکا اشرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر بحال


ذکا اشرف (فائل فوٹو)
ذکا اشرف (فائل فوٹو)

عدالتی فیصلے کے بعد ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ میں پائی جانے والی مبہم صورتحال کو ختم کرنے کے لیے کوشش کریں گے اور یہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پاکستان کی ایک عدالت نے ذکا اشرف کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے پر بحال کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک رکنی بینچ نے گزشتہ سال مئی میں ذکا اشرف کے خلاف کرکٹ بورڈ کے انتخابات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر دائر درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے انھیں بحیثیت چیئرمین بورڈ کام کرنے سے روک دیا تھا۔

اس فیصلے کے خلاف انھوں نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی جس پر اسلام آباد کی عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ نے بدھ کو فیصلہ سناتے ہوئے انھیں اس عہدے پر بحال کردیا۔

اس فیصلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ذکا اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

’’اس آزاد عدلیہ کی وجہ سے آج میں دوبارہ بحال ہوا اور یہ بحالی جس تاریخ سے مجھے روکا گیا تھا اس ہی تاریخ سے ہوئی ہے اور ہمارا جو بھی موقف تھا وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے منظور کیا اور جو درخواست ہمارے خلاف تھی اسے مسترد کر دیا۔۔۔ کل یا پرسوں جاؤں گا چارج لینے‘‘

عدالت کی طرف سے ذکا اشرف کو کام سے روکے جانے کے بعد حکومت نے سینیئر صحافی نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نگران چیئرمین مقرر کیا تھا۔ تاہم ان کے پاس بورڈ کے معاملات چلانے کے لیے نہایت محدود اختیارات تھے جس کا وہ اکثر و بیشتر میڈیا سے گفتگو میں شکوہ کرتے بھی دکھائی دیے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ اپنے عہدے پر بحالی کے بعد ان کی ترجیحات میں بورڈ کے انتظامی معاملات کو درست کرنا شامل ہو گا۔

’’کرکٹ کے معاملات میں، میں نے پہلے بھی کبھی مداخلت نہیں کی، ان معاملات کو کرکٹ کمیٹی دیکھتی ہے تو کرکٹ کے فیصلے سارے وہ کرتے ہیں میرا کام تو انتظامی امور چلانا ہے تو بورڈ میں جو کنفیوژن پیدا ہو گئی ہوئی تھی اسے دوبارہ ٹھیک کریں گے۔‘‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کاکردگی حالیہ برسوں میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے جس کی وجہ ناقدین کے بقول کرکٹ بورڈ کی طرف سے مختلف معاملات میں عدم توجہی اور مختلف شعبوں میں رابطوں کا فقدان ہے جس کے اثرات بلاشبہ کرکٹ ٹیم اور اس کی کارکردگی پر پڑتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم ان دنوں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریز کی میزبانی کر رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG