رسائی کے لنکس

پاکستانی کرکٹ کے پہلےسالانہ ایوارڈ


سعید اجمل (فائل فوٹو)
سعید اجمل (فائل فوٹو)

مجموعی طور پر اٹھارہ شعبوں میں نمایاٰں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈ دیے گے، سعید اجمل کے حصے میں چار ایوارڈ آئے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرز پرسالانہ ایوارڈ کا اعلان کیا اور پہلی تقریب ہفتہ کو لاہور میں ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے اٹھارہ شعبوں کو سالانہ ایوارڈ دیے گئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر سعید اجمل چار ایوارڈ جیت کر سر فہرست رہے۔ انھیں سال کے بہترین کھلاڑی کا خصوصی ایوارڈ، سال کا بہترین ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی باؤلر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

محمد حفیظ کو سال کا بہترین کھلاڑی، اظہر علی کو بہترین ٹیسٹ بلے باز، ناصر جمشید کو بہترین ون ڈے اور ٹی ٹونٹی بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا۔

سابق کھلاڑی حنیف محمد اور امتیاز احمد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میراور قومی نابینا کرکٹ ٹیم کے محمد جمیل کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ جبکہ امپائر آف دی ائیر کا ایوارڈ احسن رضا کو ملا۔

دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کا کامیاب دورہ کرنے والی کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے پانچ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں حصہ لینے والے ہر کھلاڑی کو فی کس پانچ لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ اس سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ کھلاڑیوں سعید اجمل، جنید خان، ناصر جمشید، محمد حفیظ اور محمد عرفان کو اضافی پانچ، پانچ لاکھ فی کس انعام دیا جائے گا۔

اس دورے کے دوران ٹیم کے ہمراہ جانے والی ٹیم منیجمنٹ کے ہر رکن کو بھی اڑھائی لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

تقریباً پانچ سال بعد کرکٹ روابط کی بحالی پر دورہ بھارت میں پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو، ایک سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔
XS
SM
MD
LG