رسائی کے لنکس

شارجہ: دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 253 رنز کا ہدف 46 اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

جمعے کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھااور پوری قومی ٹیم 3ء48 اوورز میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جواباً نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 253 رنز کا ہدف 46 اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

کیویز کی جانب سے کین ولیمسن نے 70 رنز کی ووننگ اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اوپنر اینٹن ڈیوش نے 58 اور ڈین براؤن لی نے 47 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے 3 اور شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار نظر آئی۔ اننگز کی ابتدا میں ہی قومی ٹیم کے تین اہم بلے باز محض 20 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی بلے باز احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ یونس خان چھ اور اسد شفیق ایک رن بنا سکے۔

جب پاکستان کا اسکور 97 رنز تھا حارث سہیل اینڈرسن کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 33 رنز اسکور کیے۔

محمد حفیظ ایک چھکے اور نو چوکوں کے ساتھ 76 رنز بنا کر اس میچ میں پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز رہے۔

کپتان مصباح الحق تین رنز کے فرق سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

شاہد آفریدی نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ان کی اننگز بھی زیادہ دیر نہ چل سکی۔ انھوں نے 14 گیندوں پر تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر 27 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری نے چار، مک کلینگن نے تین، ملنے نے دو اور اینڈرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کی فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ پاکستان نے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ 14 دسمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG