رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ: دورے کی تاریخ میں تبدیلی کی پاکستانی درخواست رد


آئندہ برس مارچ میں ہونے والے اپنے پہلے ٹی20 پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ کے لیے زیادہ دن مختص کرنے کی غرض سے ' کرکٹ سائوتھ افریقہ' سے دورے کی تاریخیں پہلے کرنے کی درخواست کی تھی۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹ حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے فروری 2013ء میں ہونے والے طے شدہ دورہ جنوبی افریقہ کی تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست رد کردی ہے۔

'پی سی بی' نے آئندہ برس مارچ میں ہونے والے اپنے پہلے ٹی20 پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ کے لیے زیادہ دن مختص کرنے کی غرض سے ' کرکٹ سائوتھ افریقہ' سے دورے کی تاریخیں پہلے کرنے کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ 3 اپریل 2013ء سے پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں 'آئی پی ایل' کا آغاز ہوجائے گا جس کے باعث 'پی سی بی' کی خواہش تھی کہ ملکی تاریخ کی پہلی پریمیئر لیگ اور 'آئی پی ایل' کے شیڈول میں کوئی تصادم نہ ہونے پائے۔

لیکن 'پی سی بی' کے چیئرمین ذکا اشرف کے مطابق 'کرکٹ سائوتھ افریقہ' کے حکام نے پاکستان کو بتایا ہے کہ چوں کہ وہ میچوں کا اعلان اور ٹکٹ فروخت کرچکے ہیں، لہذا شیڈول میں تبدیلی لانا ان کے لیے ممکن نہیں۔

'کرکٹ سائوتھ افریقہ' کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو جیکوس فال کے مطابق جنوبی افریقہ دسمبر اور جنوری میں نیوزی لینڈ کی میزبانی بھی کرے گا جس کے باعث وہ پاکستان کے دورے کی تاریخیں پیچھے نہیں کرسکتے۔

چیئرمین 'پی سی بی' نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے انکار کے بعد پاکستانی ٹیم 'فیوچر ٹور پروگرام' کے تحت طے شدہ شیڈول کے مطابق یکم فروری سے 24 مارچ تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔

اس دورے کے دوران میں پاکستانی ٹیم میزبان ملک کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی20 میچز کھیلے گی۔
XS
SM
MD
LG