رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ، تین ہلاک


شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ، تین ہلاک
شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ، تین ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کوبغیرپائلٹ کے مبینہ امریکی جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف مشتبہ شدت پسندوں کے زیراستعمال ایک گاڑی تھی ۔

مقامی سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق مرکزی علاقے میرعلی کے قریب مچی خیل گاؤں میں میزائلوں کے حملے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ جب کہ تین مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے۔

شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے زیر استعمال مشتبہ مراکز اور گاڑیوں پر حالیہ مہینوں میں تواتر کے ساتھ ڈرون طیاروں سے حملے کیے جاتے رہے ہیں ۔ رواں ماہ کے دوران اس قبائلی علاقے میں اب تک ایک درجن سے زائد میزائل حملوں میں کم ازکم ساٹھ شدت پسندمارے جاچکے ہیں جن میں غیر ملکی عسکریت پسند بھی بتائے جاتے ہیں۔

افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں سرگرم حقانی نیٹ ورک اور دیگر شدت پسند سرحد پار افغانستان میں غیر ملکی افواج پر مہلک حملوں میں ملوث رہے ہیں اور امریکہ پاکستان سے یہ مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ اس قبائلی علاقے میں موجود شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اُس کے تقریباً 34ہزار سکیورٹی اہلکارشمالی وزیرستان میں تعینات ہیں اور اس قبائلی علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن وہ اپنی سہولت اور زمینی حقائق کو دیکھ کر کرے گا۔

XS
SM
MD
LG