رسائی کے لنکس

بارشوں، سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی


سیلاب زدگان
سیلاب زدگان

متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ کا خطرہ ہے۔

پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 209 ہو گئی ہے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ تاحال 13 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ لگ بھگ 60,000 مکانات منہم یا انھیں جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے 5,500 دیہات میں سے بیشتر صوبہ سندھ اور پنجاب میں واقع ہیں، جہاں تقریباً 12 لاکھ ایکٹر زرعی اراضی پر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

قومی سطح پر طبی سہولتوں اور قوائد و ضوابط کی وزارت کے مطابق تمام صوبوں میں صحتِ عامہ کی مجموعی صورتِ حال قابو میں ہے، اور صوبائی محکموں کے پاس وافر مقدار میں ادویات موجود ہیں۔

تاہم متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے وسط تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد بارشوں میں بتدریج کمی آ جائے گی۔
XS
SM
MD
LG