رسائی کے لنکس

نجی شعبہ بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک، ہالبروک


نجی شعبہ بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک، ہالبروک
نجی شعبہ بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک، ہالبروک

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اب تک 20 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے اور امریکہ اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے افراد کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے امداد جاری رکھی جائے گی ۔

یہ بات اُنھوں نے ریڈیو پاکستان سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی جو ہفتے کی شام نشر کیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف امریکی حکومت ہی نہیں بلکہ اس کا نجی شعبہ ، فنکار اور گلوکار بھی پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے وسائل کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں اور یہ کہ پاکستان کو جتنی بھی مدد فراہم کی جائے وہ کم ہے۔

رچرڈ ہالبروک نے بتایا کہ امریکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے کاموں میں مدد دینے کے لیے یہاں بھی ری کنسٹرکشن آپرچیونیٹی زونز یعنی ROZs کی طرز پر منصوبے شروع کرنے پر غور کررہا ہے، ایسے ہی منصوبے فاٹا کے علاقوں میں قائم کر کے وہاں سے پسماندگی دور کرنے کی تجویز ہے۔

امریکی خصوصی نمائندے کا کہنا تھا کہ فاٹا میں ROZs کے قیام کے لیے ایوان نمائندگان نے قانون کی منظوری دے دی ہے اور اب حکومت کی اولین ترجیح اسے سینٹ سے منظور کروانا ہے اگرچہ ان کے مطابق اس سلسلے میں بعض مشکلات بھی ہیں لیکن وہ پر اعتماد تھے کہ انھیں دور کر لیا جائے گا۔

ہالبروک نے بتایا کہ امریکہ کے امدادی ادارے یوایس ایڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر راجیو شا نے پاکستان کا دورہ کر کے اس بات کا جائزہ لیا کہ واشنگٹن کس طرح مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کر سکتا ہے جب کہ پاکستان کے وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ حکام کے ساتھ ساتھ سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے منصبوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔

امریکی خصوصی نمائندے نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات ماضی میں پیچیدگیوں اور اونچ نیچ کا شکار رہے ہیں لیکن ان کے مطابق اب ماضی کی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں بہت پیش رفت ہو رہی ہے اور انھوں نے پاکستان کو یقین دلایا کہ واشنگٹن یہاں ایک جمہوری حکومت کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اسلام آباد کے دوست اور اتحادی کی حیثیت سے اس کے ساتھ طویل المعیاد تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری اسٹریٹیجک مذاکرات میں اب تک بہت کامیابی ہوئی ہے اور امریکہ صحت، تعلیم، بجلی پانی اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے امداد دے رہا ہے جب کہ کیری لوگر بل کے تحت دی جانے والی امدادکا کچھ حصہ اب سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متاثرین کو ہنگامی امداد دینے پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG