رسائی کے لنکس

ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کو برطرف کیا جائے: سابق اولمپین کھلاڑیوں کا مطالبہ


پاکستان ہاکی فیڈریشن
پاکستان ہاکی فیڈریشن

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق اولمپینز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے بارہویں عالمی ہاکی ٹورنامنٹ میں ناکامی کا ذمہ دار ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوا کو قرار دیتے ہوئے اُن کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی دہلی میں منعقدہ حالیہ عالمی کپ میں پاکستان کی ٹیم سب سے آخر یعنی بارہویں نمبر پر آئی تھی جِس کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے یکجا ہو کر، اُن کے بقول، ہاکی کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے آواز اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اِس سلسلے میں اتوار کو کراچی میں اصلاح الدین، اختر الاسلام، محمد ضیا اور ایاز محمود سمیت تقریباً 20کھلاڑیوں نے ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا سے مطالبہ کیا کہ ، اُن کے بقول، شکست کے ذمہ دار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کو برطرف کیاجائے، جو عالمی کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔

اِس بارے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ پاکستان ہاکی پر بُرا وقت آیا ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے صدر نے کھلاڑیوں اور کچھ عہدے داروں کو برطرف کرنے کا ، اُن کے بقول، اچھا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن، اُن کے بقول، جو اصل فیصلہ ہے اُس میں وہ دیر کیوں کر رہے ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر قمر ضیا نے دعویٰ کیا کہ اُن کے ساتھ ملک بھر سے 80سے زائد کھلاڑی اِس مطالبے میں شریک ہیں۔

شاہد علی خان نے کہا کہ سابق کپتان اصلاح الدین، شہباز جونئیر اور خالد محمود ہاکی فیڈریشن پر قبضہ کرنے کے لیےسازش کر رہے ہیں۔

اِس الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے، اصلاح الدین نے کہا کہ وہ کسی عہدے کی خواہش نہیں رکھتے۔

اُدھر، پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوا کا کہنا ہے کہ یہ وقت تنقید کرنے کا نہیں، بلکہ باہم سرجوڑ کر ہاکی کو بحران سے نکالنے کا ہے۔

XS
SM
MD
LG