رسائی کے لنکس

’ ٹیکس اصلاحات بیرونی امداد کے حصول میں مدد دیں گی‘


امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک
امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک نے پاکستان میں زیر بحث ٹیکس اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اِن پر عمل درآمد سے عالمی برادری کو یہ مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان کا امیر طبقہ ملک کو درپیش معاشی مسائل کا بوجھ برداشت کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

اتوار کو ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام ایک مذاکرے میں پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار اُن ملکوں میں ہوتا ہے جہاں ٹیکس کی شرح انتہائی کم ہے اور اِن حالات میں امریکی حکومت کے لیے اپنی عوام کو پاکستان کو اربوں ڈالر کی امداد جاری رکھنے کے حوالے سے دلائل پیش کرنا انتہائی مشکل ہو گا۔

اُنھوں نے پاکستانی حکومت کے تجویز کردہ اصلاحاتی جنرل سیلز ٹیکس اور فلڈ ریلیف سرچارج کو ”درست سمت میں ایک قدم “ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے طور پر محصولات میں اضافے کی کوششیں کرتا دیکھ کر عالمی برادری کو اس کی مدد کا فیصلہ کرنے میں قدرِ آسانی محسوس ہوگی۔

رچرڈ ہالبروک اتوار کو شروع ہونے والے ”پاکستان دویلپمنٹ فورم“ میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں جس میں پاکستان کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی اور حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد تعمیر نو کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا جا رہا ہے۔

گذشتہ مہینوں کے دوران ”رفقاء جمہوری پاکستان“ اور اقوام متحدہ کے پلیٹ فارموں پر پاکستان کو درپیش مسائل پر بحث کا حوالہ دیتے ہوئے خصوصی امریکی ایلچی نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے موضوع پر محض مزید بات چیت کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ہالبروک نے بتایا کہ وہ پیر کو اس سلسلے میں ایک اعلان کرنے جا رہے ہیں جو پاکستانی عوام کو براہ راست امداد کی فراہمی کے امریکی عزم کو ظاہر کرے گا۔ تاہم اُنھوں نے اس بار ے میں مزید تفصیل نہیں بتائی۔

پاکستان دویلپمنٹ فورم کا اجلاس
پاکستان دویلپمنٹ فورم کا اجلاس

دو روزہ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان کو امداد فراہم کرنے والے 30 ممالک کے مندوبین اور کئی بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد میں پیش پیش ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم اوکسفیم نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امداد فراہم کرنے والے ملک وعدوں کے بجائے اس قدرتی آفت سے متاثرہ لوگوں کے لیے طویل المدتی بنیاد پر رقوم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اندازوں کے مطابق ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب سے پاکستان کو 10 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ پاکستان کو مدد فراہم کرنے والے ملک حکومت پر متواتر زور دے رہے ہیں کہ اسے نا صرف امدادی رقوم کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے بلکہ تعمیر نو کے لیے درکار وسائل کی دستیابی بھی پاکستان کی اپنی ذمہ داری ہے۔

XS
SM
MD
LG