رسائی کے لنکس

معطلی کے خلاف بٹ اور عامر کی اپیلیں مسترد


سلمان بٹ،محمد عامر اور محمد آصف
سلمان بٹ،محمد عامر اور محمد آصف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سٹے بازی کے الزامات پر محمد عامر اور سلمان بٹ کو معطل کرنے کے اپنے عارضی فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

آئی سی سی کے ضابطہ ء اخلاق کمیشن کے سربراہ مائیکل بیلف نے دونو ں پاکستانی کھلاڑیوں کی طرف سے معطلی کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی دبئی میں دو روز تک سماعت کرنے کے بعد اتوار کو اس فیصلے کا اعلان کیا۔ انھوں نے دونوں کھلاڑیوں اور اُن کے وکیلوں کے دلائل سننے کے بعد عارضی معطلی کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محمد آصف پر بھی پابندی برقرار رہے گی ۔

پاکستانی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق محمد عامر ہفتہ کو ہونے والی سماعت کے دوران اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے ”رو پڑے“۔

سابق کپتان سلمان بٹ ، محمد عامر اور محمد آصف پر انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ” سپاٹ فکسنگ “ میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے تھے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک تینوں کھلاڑیوں پر کسی بھی سطح پر کرکٹ کھیلنے اور کھیل سے متعلق دوسری سرگرمیوں میں حصے لینے پر پابندی لگا دی تھی۔

فاسٹ باؤلر آصف نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی تھی اور بظاہر تحقیقات مکمل ہونے اور حتمی فیصلے کا انتظار کرنے کو ترجیح دی۔

ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ انھوں نے سٹے بازوں سے بھاری رقوم وصول کرکے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں پہلے سے طے شدہ مواقعوں پر جان بوجھ کر نو بالیں کراوئیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے ان الزامات کومسترد کیا ہے۔


XS
SM
MD
LG