رسائی کے لنکس

پاکستان کے لیے45 کروڑ دس لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد منظور


پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی
پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ”آئی ایم ایف“ نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کے لیے پینتالیس کروڑ دس لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ فنڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حالیہ تباہ کن آفت سے پاکستان کی معاشی صورت حال میں بگاڑ آیا ہے اور سیلاب سے خصوصاً زراعت کا شعبہ زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب سے لگ بھگ دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ایک روز قبل افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی امریکی سفیر رچرڈ ہالبروک نے صوبہ سندھ میں سیلاب زدگان کے لیے قائم امدادی کیمپوں کا دورہ کیا ، جہاں متاثرین نے انھیں بتایا کہ سیلاب نے کس طرح ان کی زندگیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔

دورے میں حکام نے امریکی سفیر کو بتایا کہ صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال کی وجہ سے امراض کا ”ٹائم بم“ وجود میں آ رہا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

رچرڈ ہالبروک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امداد فراہم کرنے والے ممالک میں امریکہ سرفہرست ہے جس نے26 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد دینے کے علاوہ فوجی ہیلی کاپٹر بھی مہیا کیے ہیں۔

جولائی کے مہینے میں پاکستان کے بالائی حصوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث ملک بھر میں سیلاب آیا اور اس کی زد میں آ کر سینکڑوں دیہات آئے جب کہ ساڑھے سترہ سو سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے۔

امریکہ اور دیگر مغربی ممالک نے متنبہ کیا ہے شدت پسند سیلاب زدگان کی مشکلات کا ناجائزفائدہ اٹھا کر ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

القاعدہ کے دوسرے بڑے لیڈر ایمن الظواہری نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات ناکام ہو گئے ہیں اور متاثرین کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG