رسائی کے لنکس

کشمیر حد بندی لائن پر مبینہ بھارتی گولہ باری سے خاتون ہلاک


لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجی
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجی

پاکستانی سکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ بھارت کی طرف سے رواں ماہ 30 سے زائد مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور حد بندی لائن کے پار سے بھارتی افواج کی گولہ باری سے ایک خاتون ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نکیال سیکٹر میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر بھارتی افواج نے سویلین آبادی پر گولہ باری کی جس کی زد میں آکر ایک مکان اور دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

بھارت کی طرف سے اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر حالیہ ہفتوں میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں بھارت نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوجیوں نے فائرنگ کرکے اس کے پانچ فوجیوں کو ہلاک کردیا لیکن پاکستان نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ بھارت کی طرف سے رواں ماہ 30 سے زائد مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس میں اس کے دو فوجیوں سمیت پانچ شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان متعدد تصفیہ طلب معاملات کے باعث اکثروبیشتر تعلقات تناؤ کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان معاملات میں کشمیر ایک اہم موضوع ہے۔

پاکستان کی نو منتخب حکومت لائن آف کنٹرول پر پیدا ہونے والی صورتحال پر بھارت سے سفارتی سطح پر احتجاج کرتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ وہ اس پر تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے جسے کسی طور پر کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

حالیہ کشیدگی کے باوجود خصوصاً وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جن میں تعلقات میں تناؤ کو کم کرکے اچھے تعلقات استوار کرنے کی بات کی گئی ہے۔

آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں پاکستانی وزیراعظم کی اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ سے ملاقات بھی متوقع ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں میں پیش رفت کی توقع کی جارہی ہے۔
XS
SM
MD
LG