رسائی کے لنکس

کشمیر: نیلم جہلم پن بجلی منصوبے پر کام دوبارہ شروع


نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر جاری کام
نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر جاری کام

منصوبے پر کام کرنے والے چینی کارکن کو قرآن کی بے حرمتی کے الزام میں زدو کوب کیے جانے کے بعد یہاں کام وقتی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں توانائی کے سب سے بڑے منصوبے کی تعمیرکا کام کئی روز تک بند رہنے کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا۔

969 میگا واٹ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی تعمیرکا کام 17 مئی کومنصوبے پر کام کرنیوالے ایک چینی اہلکار کی طرف سے قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف پرتشدد احتجاج کی وجہ سے روک دیا گیا تھا ۔

نیلم جہلم ہائیڈروالیکٹرک پراجیکٹ کے رابطہ کا ر سردار الطاف نے وائس آف امریکہ کوبتایا کہ جمعرات کی صبح سے منصوبے کی تعمیر کا کام بحال ہوگیاہے۔

پولیس حکام کے مطابق منصوبے کی سائٹ پر کام کرنے والے مقامی مزدوروں نے یہاں کام کرنے والے ایک چینی اہلکارکواس وقت زدوکوب کرکے زخمی کر دیا جب یہاں کے ایک ڈاکٹر نے اپنے زیر استعمال کمرہ خالی کروانے کے دوران اس پر قرآن کو کمرے سے باہر پھینکنے کا الزام عائد کیا۔

اس واقعے کے بعد منصوبے پر کام کرنے والے سینکڑوں مزدور اور مقامی لوگوں نے احتجاج شروع کردیا اور چینی کارکنوں کی رہائش گاہوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ احتجاج کو دوران زخمی کیے جانے والے چینی باشندے کو پولیس نے حراست میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا ۔اس دوران مقامی لوگوں کی طرف سے پتھراؤ سے پانچ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

پاکستانی کشمیر کے وزیر تعمیرات چودھری رشید نے واقعہ کے بارے میں وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایاکہ یہ محض افواہ کی بنیاد پررونما ہوا جس کی چھان بین کے لئے کشمیر حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس کی سفارشات پر واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گئی۔

منصوبے کی تعمیر ایک چینی کمپنی کر رہی ہے اور یہاںچار ہزار افراد کام کرتے ہیں جن میں سینکڑوں چینی باشندے بھی شامل ہیں۔ ان غیر ملکیوں کی حفاظت کے لئے پولیس کا ایک علیحدہ شعبہ قائم کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کی بعد منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکورٹی مزید بڑھادی گئی ہے۔ یہاں منصوبے پر کام کرنے والے مقامی مزدوروں کی چینیوں کی طرف سے مبینہ استحصال کی شکایات منظر عام پر آتی رہی ہیں۔

نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ ملک کا حالیہ برسوں میں سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہے جو اڑھائی سو ارب روپے سے زائد کی لاگت سے2016ء میں مکمل کیا جائے گا۔

پاکستان کے زیر انتطام کشمیر میں پن بجلی کے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں جن پر زیادہ تر چینی اورکوریائی انجینیئرز کام کر رہے ہیں۔ یہاں کسی بھی غیر ملکی پر قرآن کی مبینہ بے حرمتی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
XS
SM
MD
LG