رسائی کے لنکس

صوابی میں پولیس گاڑی پر فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ضلعی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پولیس کی گاڑی پر حملہ کرنے والے گروہ کی نشاندہی ہو گئی ہے جن کے خلاف کارووائی کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس کی ایک گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

صوابی کے ضلعی پولیس افسر محمد سعید نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب ہوائی فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے لایا جا رہا تھا۔

اُنھوں نے بتایا کہ ضلع کے مضافاتی علاقے میں گھات لگائے لگ بھگ پانچ حملہ آوروں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی جس سے ایک اسٹنٹ سب انسپکٹر اور ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

ضلعی پولیس افسر نے بتایا کہ گاڑی میں موجود ملزم بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ تین اہلکار زخمی ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

محمد سعید کا کہنا تھا کہ پولیس کی گاڑی پر حملہ کرنے والے گروہ کی نشاندہی ہو گئی ہے جن کے خلاف کارووائی کی جا رہی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ مہینوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر شدت پسندوں کی طرف سے ہلاکت خیز حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
XS
SM
MD
LG