پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں مسجد کی چھت گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی جب کہ ملبے سے نکالے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
منگل کی دوپہر لاہور کے علاقے داروغہ والا کی ایک تنگ گلی میں واقع مسجد کی چھت اس وقت زمین بوس ہوگئی جب یہاں بچوں سمیت لگ بھگ 40 افراد نماز ظہر کے لیے جمع تھے۔
مقامی آبادی کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے مسجد کی ایک دیوار متاثر ہوئی تھی اور بظاہر دیوار کمزور ہونے سے چھت نیچے آ گری۔
جائے وقوع پر پہنچنے والی امدادی ٹیموں کو ملبے ہٹانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور گلی تنگ ہونے کی وجہ سے ابتدا میں یہاں بھاری مشینری لانے میں خاصی مشکل پیش آئی۔
امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہنے کے بعد بدھ کو علی الصبح مکمل کر لی گئیں۔
اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ بدھ کو مغل پورہ لاہور میں ادا کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور حکام سے اس واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کی۔