رسائی کے لنکس

تیونس:پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طیارہ روانہ


تیونس:پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طیارہ روانہ
تیونس:پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طیارہ روانہ

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر پاکستان کی قومی ائر لائن پی آئی اے کا ایک خصوصی طیارہ لیبیا میں جاری تشدد کے باعث ملک چھوڑ کر تیونس پہنچنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے ہفتے کو روانہ ہوا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً چار سے پانچ سو پاکستانی لیبیا سے تیونس پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جہاں تیونس کی حکومت اور پاکستانی مشن ان کی دیکھ بھال کررہا ہے۔ یہ خصوصی بوئنگ 474جہاز جس میں 465 مسافروں کے بیٹھے کی گنجائش ہے، تیونس کے شہر دیجیرباپہنچے گا۔

لیبیا میں گذشتہ ماہ صدر معمر قذافی کے خلاف احتجاج اور بعد ازاں مسلح باغیوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں کے باعث سلامتی کی صورتحال خراب ہوگئی تھی جس کے باعث بہت سے پاکستانی وہاں سے پڑوسی ملکوں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا میں مقیم 5200سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جاچکا ہے۔

لیبیا کی صورتحال پر نظر رکھنے اور وہاں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے دفتر خارجہ میں خصوصی سیل بھی بنایا گیا ہے اور ایسے شہری جن کے پاسپورٹ گُم ہوگئے ان کے کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد انھیں ایمرجنسی پاسپورٹ بھی جاری کیے جارہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا میں لگ بھگ اٹھارہ ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بیشتر تعمیراتی شعبے کی کمپنیوں سے وابستہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG