رسائی کے لنکس

تین ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کی لیبیا سے وطن واپسی


وزارت خارجہ کی خصوصی ٹاسک فورس کے سربراہ نعیم خان
وزارت خارجہ کی خصوصی ٹاسک فورس کے سربراہ نعیم خان

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا میں جاری کشیدگی کے باعث اب تک 3,129 پاکستانی باشندے اپنی مرضی سے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کی خصوصی ٹاسک فورس کے سربراہ نعیم خان نے بتایا کہ لیبیا میں معمر قذافی کی حکومت کے خلاف مظاہروں کے بعد شروع ہونے والی پرتشدد کارروائیوں میں کسی پاکستانی باشندے کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی یہ ٹاسک فورس لیبیا کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں موجودایسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں مدد فراہم کر رہی ہے جو اپنی مرضی سے یہ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔

نعیم خان کا کہنا تھا کہ اب تک زیادہ ترپاکستانیوں کو لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے تین خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے جب کہ امن وامان کی خراب صورت حال کے باعث لیبیا سے تیونس ، ترکی ، مصر اور الجزائرپہنچنے والے پاکستانی شہری بھی وطن واپس آنے والے افراد میں شامل ہیں۔

اُنھوں نے بتایا کہ دفتر خارجہ کے ڈائر یکٹر جنرل عہدے کے دو افسران کو بھی لیبیا بھیجا گیاہے جو طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مل کر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

نعیم خان نے کہا کہ ایسے پاکستانی شہری جن کے پاسپورٹ گم ہو گئے ہیں اُنھیں کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد سفارت خانہ ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کر رہا ہے۔

پاکستانی حکومت کے مطابق لیبیا میں کشیدگی کے آغاز تک تقریباً 18 ہزار پاکستانی مقیم تھے۔ بیشتر پاکستانی تعمیراتی شعبے کی کمپنیوں سے منسلک ہیں اور اُن میں سے اکثریت نے اب تک وطن واپسی کا حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG