رسائی کے لنکس

بدعنوانی کے بڑے کیسز کی تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت


وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ

چودھری نثار نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تحقیقات میں کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کرتے ہوئے ان معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وفاقی تفتیشی ادارے "ایف آئی اے" کو ہدایت کی ہے کہ وہ بدعنوانی کے تمام بڑے معاملات کی تحقیقات کر کے آئندہ چند ہفتوں میں ان کا مکمل چالان عدالتوں میں پیش کرے۔

یہ ہدایت انھوں نے اسلام آباد میں اپنی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں دی جس میں کوائف کے اندراج کے قومی ادارے "نادرا"، ایف آئی اے، پولیس اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، متروکہ وقف املاک بورڈ، اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن، نیو بینظیر بھٹو ہوائی اڈے اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے ساتھ ساتھ حج کے امور میں بدعنوانی کی شکایات اور معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

حالیہ برسوں میں مختلف سرکاری اداروں میں اربوں روپے کی بدعنوانی کے انکشافات سامنے آچکے ہیں جب کہ قومی احتساب بیورو نے بھی رواں ماہ عدالت عظمیٰ میں ایک فہرست پیش کی تھی جس میں مختلف اہم سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی جاری تحقیقات کا بتایا گیا تھا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے ایف آئی اے کے عہدیداروں سے کہا کہ تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بدعنوانی کی تحقیقات کو پورا کیا جائے۔

مبصرین اور ناقدین ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث افراد اپنے اثرو رسوخ کی وجہ سے نہ صرف تفتیش پر اثر انداز ہوتے ہیں بلکہ عدالتوں میں ان کے وکلا قانونی سقم کا فائدہ اٹھا کر مقدمات کو اتنا طویل کر دیتے ہیں کہ فیصلوں تک پہنچتے پہنچتے یہ معاملات اپنی اہمیت کھو دیتے ہیں۔

بیان کے مطابق چودھری نثار نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تحقیقات میں کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کرتے ہوئے ان معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG