رسائی کے لنکس

پاکستان: بارشوں، سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 197


ملک بھر میں 55,000 سے زائد مکانات منہدم یا اُن کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جب کہ 12 لاکھ ایکڑ رقبے پر فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 197 ہو گئی ہے جب کہ 1,100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے جمعرات کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 13 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ادارے کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصانات صوبہ پنجاب میں ہوئے، جہاں 71 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 55,000 سے زائد مکانات منہدم یا اُن کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جب کہ 12 لاکھ ایکڑ رقبے پر فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

متاثرینِ سیلاب کی امداد کے لیے صوبائی حکومتوں کی جانب سے قائم کردہ 389 کیمپوں میں لگ بھگ 35,000 افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔

این ڈی ایم اے اور صوبائی ادارے متاثرین میں 55,000 خیموں کے علاوہ کمبل، مچھر دانیاں اور اشیاء خودر و نوش بھی تقیسم کر چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والے شعبے کے مطابق ملک کے تمام دریاؤں میں ماسوائے اکا دکا مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
XS
SM
MD
LG