رسائی کے لنکس

لال مسجد کیس: مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد


پرویز مشرف (فائل فوٹو)
پرویز مشرف (فائل فوٹو)

پرویز مشرف کے وکلا کہنا تھا کہ صحت اور سیکورٹی سے متعلق خدشات کے پیش نظر ان کے موکل کے پیش ہونے کی پابندی کو ختم کیا جائے۔

پاکستان کی ایک ذیلی عدالت نے مسجد کے ایک نائب خطیب کے قتل کے الزامات کی سماعت میں سابو فوجی صدر پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ہفتہ کو اسلام آباد میں عدالتی کارروائی میں پرویز مشرف کے وکلا کا کہنا تھا کہ فوج کے سابق سربراہ عدالت کا احترام کرتے ہوئے سماعت میں حاضر ہونے کو تیار ہیں لیکن صحت اور سیکورٹی سے متعلق خدشات کے پیش نظر ان کے موکل کے پیش ہونے کی پابندی کو ختم کیا جائے۔

ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے پرویز مشرف کو ہفتے کی کارروائی میں پیش ہونے سے تو استثنیٰ دیا تاہم مستقل طور پر یہ چھوٹ دینے کی استدعا نا منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ ماہ سماعت میں حاضر ہونے کا حکم جاری کیا۔

سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007 میں دارالحکومت کی لال مسجد میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی موجودگی پر فوجی کارروائی کا حکم دیا جس میں مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید غازی بھی مارے گئے۔

مذکورہ مسجد سے وابستہ دیگر افراد اور طلبہ کی طرف سے چند غیر ملکی شہریوں اور پولیس کے اہلکاروں کے اغوا کے بعد فوجی آپریشن شروع کیا گیا جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
XS
SM
MD
LG