رسائی کے لنکس

حکومت ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ جاری کرے: قانون سازوں کا مطالبہ


قانون سازوں نے ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ میں میڈیا میں شائع کیے گئے مندرجات کے مستند ہونے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے اُن پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

پاکستانی قانون سازوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کے مندرجات کے بعد اب حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس رپورٹ کو جاری کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ کرے۔

قانون سازوں نے میڈیا میں شائع کیے گئے مندرجات کے مستند ہونے پر شک کا اظہار کرتے ہوئے اُن پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

حزب اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے منگل کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ مسقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ایبٹ آباد آپریشن کے ذمہ دار اداروں کے خلاف مناسب کارروائی ضروری ہے۔

’’جب تک یہ رپورٹ حکومت جاری نہیں کرتی اس بارے میں طرح طرح کے سوالات اٹھیں گے۔ ایک دفعہ یہ جاری ہو گئی تو پھر متعلقہ ادارے اپنی خامیوں کا جائزہ لیں گیں۔ میڈیا اور پارلیمان کی نشاندہی پر ہم ان کے درست سمت کی طرف قدم اٹھا سکتے ہیں۔‘‘

پاکستان کے ایک موقر اخبار ڈان نے اپنے اداریہ میں بھی حکومت پر زور دیتے ہو کہا کہ وہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ فوری طور جاری کرے۔ اخبار لکھتا ہے کہ اداروں کی طرف سے بڑے بڑے واقعات سے متعلق حقائق پر پردہ پوشی نا صرف قومی اور بین الاقوامی سطح پر تضحیک کا باعث بنتی ہے بلکہ ایسے واقعات بھی نہیں روک پاتے۔

محسن لغاری آزاد حیثیت میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، اُن کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد موجودہ حکومت بہتر انداز میں سکیورٹی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور روابط کا نظام وضع کر سکتی ہے۔

’’سیاسی اداروں کو اپنے اختیارات استعمال کرنے کی جرت ہونی چاہیئے۔ نتائج کے ڈر سے بدقسمتی سے ہم درست فیصلے نہیں کرتے جن کی وجہ سے بری گورننس، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مسائل ہیں۔ یہ (دہشت گرد) جن بوتلوں سے نکل کر بڑھتے ہی جارہے ہیں اور کسی کے قابو ہی میں نہیں آرہے۔‘‘

حالیہ دنوں میں ہونے والے شدت پسندوں کے مہلک حملوں کے بعد موجودہ حکومت میں شامل عہدیدار خفیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں غیر فعال اور غیر موثر معلومات کے تبادلے کے نظام کی جانب نشاندہی کر چکے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے متفقہ حکمت عملی بنانے کی غرض سے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس بلا رکھا ہے۔
XS
SM
MD
LG