رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ بم حملے میں زخمی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود پشاور جا رہے تھے کہ ہنگو کے علاقے ٹل میں ان کے قافلے کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے ایک اعلیٰ انتظامی عہدیدار دیگر تین ساتھوں سمیت بم حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود پشاور جا رہے تھے کہ ہنگو کے علاقے ٹل میں ان کے قافلے کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

بم دھماکے سے ریاض محسود کے ہمراہ سفر کرنے والے دو اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس اور ایک تحصیلدار زخمی ہوگئے۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس سے قبل بھی شدت پسند اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

ایک روز قبل بھی ہنگو سے مناتو جانے والے قافلے کو ورمیگی کے علاقے میں ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا تھا جس سے کم ازکم چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ہنگو کے مضافاتی علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

گزشتہ ہفتے کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے حکومت کے ساتھ مذاکراتی عمل کو تقویت دینے کے لیے ایک ماہ تک شدت پسند کارروائیاں بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد حکومت نے بھی محدود فضائی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم اس فائربندی کے اعلان کے باوجود متعدد پرتشدد واقعات دیکھنے میں آچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز واقعہ پیر کو اسلام آباد میں کچہری کمپلیکس میں پیش آیا جس میں حملہ آوروں نے خودکش دھماکے اور فائرنگ کرکے ایک جج سمیت کم ازکم 11 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG