رسائی کے لنکس

پاکستان: مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب کے ضلع نارووال میں پانی برساتی نالوں کے بند عبور کرکے قریبی دیہاتوں تک آگیا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حالیہ دنوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے بعد مخلتف دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح معمول سے زیادہ ہو چلی ہے جب کہ پنجاب کے بعض علاقوں میں سیلا ب کی صورتحال بھی دیکھنے میں آرہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے دریائے سندھ میں تربیلا اور چناب میں خانکی سمیت مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کے سیلاب کی تصدیق کی ہے۔

اتوار کو پنجاب کے ضلع نارووال میں پانی برساتی نالوں کے بند عبور کرکے قریبی دیہاتوں تک آگیا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

نارووال کے ضلعی رابطہ افسر احمد علی کمبوہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں علاقے کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ یہاں تین میں سے دو برساتی نالوں میں پانی پشتوں سے باہر نکل کر دیہاتوں تک آیا۔

انھوں نے بتایا کہ ایک دو جگہ پر دیہاتوں میں پانی آیا لیکن وہاں ایسی صورتحال نہیں کہ ’’کہا جائے کہ لوگ پھنس کر رہ گئے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی متعلقہ محکموں نے انتظامات کر رکھے ہیں۔

پنجاب ہی کے علاقے گجرات میں نالہ السی کے حفاظتی پشتوں میں شگاف پڑنے سے قریبی دیہات میں کھڑی فصلوں کے زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ تین سالوں سے مون سون کے موسم میں آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوتے رہے ہیں۔

ان سیلابوں میں سینکڑوں افراد کے ہلاک ہونے کے علاوہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا جب کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG