رسائی کے لنکس

معاون سعودی وزیر دفاع کی جنرل راحیل شریف سے ملاقات


پاکستان کا موقف رہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت کو درپیش کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع محمد بن عبداللہ عایش نے جمعرات کو پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

سرکاری بیان کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون بشمول تربیتی تبادلوں کے امور زیر بحث آئے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور خاص طور پر دفاعی شعبے میں ان کا تعاون خاصا گہرا ہے۔

پاکستان کا موقف رہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت کو درپیش کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

رواں ماہ ہی سعودی عرب نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 34 ملکوں پر مشتمل ایک فوجی اتحاد قائم کیا تھا جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔

پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس اتحاد میں اپنے کردار پر اُس کی مشاورت جاری ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہہ چکے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے اور دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی شعبوں میں تعاون کی ایک تاریخ ہے لیکن رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ دونوں ملکوں کی خصوصی فورسز کے دستوں نے انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG