رسائی کے لنکس

سابق طالبان کمانڈر کے گھر پر خودکش حملہ، 17 ہلاک


ملا نبی کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا لیکن بعد میں اس کالعدم تنظیم سے اختلافات کے باعث اس نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

پاکستان کے شمال مغرب میں ایک نیم قبائلی علاقے میں جمعرات کو علی الصبح ایک گھر پر ہونے والے حملے میں کم ازکم 17 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق اوکرزئی سے علاقے بلند خیل میں حکومت کے حامی سابق طالبان کمانڈر ملا نبی حنفی کے گھر پر مشتبہ شدت پسندوں نے پہلے فائرنگ کی اور اس کے بعد بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس شوکت علی شاہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور وہاں موجود افراد ہلاک ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ ملا نبی بھی زخمیوں میں شامل ہے۔

ملا نبی کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا لیکن بعد میں اس کالعدم تنظیم سے اختلافات کے باعث اس نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کمانڈر پر اس سے پہلے بھی قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں۔

زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملا نبی کو حکومت کی حمایت کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبے میں حالیہ مہینوں کے دوران شدت پسندوں کے ہلاکت خیز حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
XS
SM
MD
LG