رسائی کے لنکس

کشمیر اور پنجاب میں بارشیں، تین فوجیوں سمیت 34 ہلاک


فائل
فائل

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے کیلر سیکٹر میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک افسر سمیت تین فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے جب کہ تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور صوبہ پنجاب میں مٹی کا تودہ گرنے اور موسلادھار بارشوں سے ہونےو الے مختلف واقعات میں تین فوجی اہلکاروں سمیت کم ازکم 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بدھ کو دیر گئے کیلر سیکٹر میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک افسر سمیت تین اہلکار ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق مٹی کا تودہ گرنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی کشمیر کے کئی دیگر علاقوں میں بارشوں سے ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

اُدھر پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں موسلادھار بارشوں سے ہونے والے مختلف حادثات میں کم ازکم 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بدھ کی شام سے شروع ہونے والی بارشیں وقفے وقفے سے رات بھر جاری رہیں جب کہ جمعرات کو بھی وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں مکانات کی چھت گرنے سے کم ازکم 15 افراد ہلاک ہوئے جن میں چھ کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کی وجہ سے چھتیں گرنے سے دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔

گوجرنوالہ کے قریب کامونکی میں بھی بارش کی وجہ سے ایک مکان کی چھت گر گئی اور یہاں موجود تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

فیصل آباد اور خانیوال کے اضلاع سے بھی پانچ ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں جب کہ ایک سات سالہ بچی نارروال میں بارش سے ہونے والے حادثے سے موت کا شکار ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جب کہ پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ میں بھی گزشتہ ماہ ہونے والی بارشوں کے باعث مرکزی شہر پشاور میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG